کاروار:6/فروری (ایس او نیوز) اترکنڑا ضلع کے 2ڈاکٹروں سمیت ریاست کے کل 103سرکاری اسپتال کے ڈاکٹر مختلف وجوہات کی بنا پر پچھلے کئی برسوں سے اپنی خدمات انجام دئیے بغیر غیر حاضر رہنے کے نتیجےمیں محکمہ ان تمام کو ملازمت سے برخاست کرنے کافیصلہ کیا ہے۔
ان میں اتراکنڑا ضلع کے بھٹکل تعلقہ بیلکے پرائمری صحت عامہ مرکز کے ڈاکٹر ایم منجو بھی شامل ہیں جو یکم جولائی 2015سے اور ہلیال کے ڈاکٹر وائی ایس گووند ریڈی بھی یکم جولائی 2015سے غیر حاضر ہیں۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق محکمہ صحت عامہ میں فرائض انجام دے رہے ماہر ڈاکٹر اورعام ڈاکٹر غیر حاضر ہیں، خاص بات یہ ہے کہ ان میں اترکنڑا ضلع کے 2ڈاکٹر شامل ہیں۔ اس کے علاوہ باگلکوٹ کے 6،بیلگام کے 7، بلاری سے 2،بنگلور شہر ، دیہی سے فی کس 1،چک بلاپور سے 6،چک مگلور1،ہاویری 4،کلبرگی 12،کولار 4،رائچور 4،کورگ2،وجئے پورا4،ہاسن 2، ٹمکور2،بیدر4، شیموگہ 2، رام نگرضلع سے 3اور بقیہ اضلاع سے ایک ایک ڈاکٹر اپنے فرائض کو انجام دئیے بغیر غیر حاضر ہیں۔ تعجب کی بات یہ ہے کہ ان میں کچھ ڈاکٹرس 2006سے ہی غیر حاضر ہیں اور زیادہ تر گذشتہ دو تین برسوں سے اپنے خدمات انجام نہیں دے رہے ہیں۔حیران کن بات یہ بھی ہے کہ غیر حاضر رہنےو الے ڈاکٹروں میں زیاد ہ تر دیہی علاقوں میں اپنی خدمات انجام دینے والے ہیں۔
حکومتی خدمات اور فرائض کو لگاتار 120دنوں سے زائد کوئی غیر قانونی طورپر غیر حاضر رہتاہے تو انہیں ملازمت سے برخاست کرنے کا قانون ہے۔ 120دنوں سے زائد غیر حاضر رہنے سے دیہی عوام کو کافی پریشانی اور تکالیف کا سامنا کرنا پڑرہاہے۔ ان تمام غیر حاضر ڈاکٹروں کو محکمہ کی طرف سے آخری نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ وہ 31جنوری سےپہلے کام پر حاضر ہوجائیں، موصولہ اطلاعات کے مطابق ان میں سے اکثر ڈاکٹر ابھی تک فرائض کو انجام دینے کے لئے حاضر نہیں ہوئے ہیں۔ اس لئے محکمہ قانون کے مطابق انہیں ملازمت سے برخاست کرنے کا فیصلہ لئے جانے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔